جاپانی کار ساز ادارے ٹویوٹا نے سایون (Scion) برانڈ کو ختم کردیا ہے اور اب تمام سایون گاڑیوں ٹویوٹا ہی کی فہرست میں شامل ہوچکی ہیں۔ اس برانڈ کو پیش کرنے کا مقصد کچھ منفرد، غیر روایتی اور قدرے مختلف گاڑیاں پیش کرنا تھا جس سے جوشیلے نوجوانوں کو متوجہ کیا جاسکے۔ لیکن محسوس ہوتا ہے کہ یہ منصوبہ زیادہ کارگر نہ رہا اور بالآخر ٹویوٹا نے سایون برانڈ کی تمام گاڑیوں کو اپنے ہی نام سے پیش کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ مثال کے طور پر یورپ میں دستیاب سایون iM کو ٹویوٹا آورِس کے نام سے متعارف کروایا جانے لگا جبکہ سایون iA کو ٹویوٹا یارِس سیڈان کے نام سے پیش کیا جائے گا۔
یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ سایون iA، ٹویوٹا یارِس بننے سے پہلے مزدا 2 سیڈان تھی۔ بلکہ حقیقت تو یہ ہے کہ اب بھی اس گاڑی کا اندرونی حصہ 99 فیصد مزدا 2 ہی ہے بس نام ٹویوٹا کے ساتھ جڑ گیا ہے۔ یہ بات کافی حیران کن لگتی ہے لیکن گاڑی بنانے سے قبل تحقیق اور پلیٹ فارم کی تیاری پر ہونے والے اخراجات میں اضافے کے بعد کار ساز ادارے باہمی مشاورت سے گاڑیاں تیار کرتے ہیں پھر کسی بھی ایک ادارے کے نام سے اسے مارکیٹ میں پیش کردیا جاتا ہے۔ یہی وہ رجحان ہے جسے دیکھتے ہوئے مبصرین پیش گوئی کر رہے ہیں کہ سال 2020 تک جاپان میں صرف تین کار ساز ادارے باقی رہ جائیں گے۔
نئی ٹویوٹا یارِس سیڈان رواں سال اپریل میں امریکا کی مارکیٹ کے لیے پیش کی جائے گی۔ اس وقت یہ کینیڈا اور دیگر چند خطوں میں مزدا 2 کے نام سے دستیاب ہے۔ اس میں 1500 سی سی انجن شامل ہے جو 100 ہارس پاور فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ مزدا 2 کو 6-اسپیڈ مینوئل اور آٹو میٹک گیئر کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے۔
پاکستان میں ٹویوٹا یارِس کو اس کے جاپانی نام ٹویوٹا وِٹز سے جانا جاتا ہے کیوں کہ یہاں زیادہ تر گاڑیاں جاپان ہی سے درآمد کی جاتی ہیں۔ پاکستان میں ٹویوٹا وِٹز کی قیمت ماڈل اور خصوصیات کے اعتبار سے مختلف رہی ہے۔ البتہ یارِس سیڈان کی ممکنہ قیمت 16 ہزار امریکی ڈالر برائے مینوئل ٹرانسمیشن اور 17 ہزار 1 سو امریکی ڈالر برائے آٹومیٹک ٹرانسمیشن ہے۔ یہاں دستیاب ٹویوٹا وِٹز / یارِس ہیچ بیک ہے جبکہ مزدا کی تیار کردہ یارِس سیڈان طرز کی گاڑی ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ قیمت میں کم ہونے کے باوجود اس میں گاڑی کو حادثے سے بچانے کے نظام، خود کار بریکس، نیوی گیشن سسٹم، عقبی کیمرے جیسی متعدد قابل ذکر خصوصیات شامل ہیں۔
اگر جاپان سے ٹویوٹا وٹز سیڈان درآمد کی جانے لگی تو کیا آپ اسے خریدنا پسند کریں گے؟ کیا پاکستانی صارفین میں یہ ویسے ہی مقبولیت حاصل کرسکے گی کہ جیسے ابھی ٹویوٹا وِٹز ہیچ بیک کو حاصل ہے؟
No comments:
Post a Comment